معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے نایاب اور مکمل طور پر فعال کمپیوٹر نے نیلامی کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایپل کا ’ہیٹ فیلڈ‘ کے نام سے مشہور کمپیوٹر 11 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالرز میں فروخت ہوا، نیلامی کے دوران 2 خریداروں کے درمیان تقریباً 28 منٹ تک سخت مقابلہ جاری رہا جس کے بعد اس کی قیمت ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس کمپیوٹر کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی تاریخی اہمیت کے ساتھ اس پر ایپل کے شریک بانی اسٹیو ووزنیاک کے دستخط بھی ہیں جنہوں نے 1976ء میں اس کمپیوٹر کا ہارڈویئر تیار کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ایپل کے دوسرے شریک بانی اسٹیو جابز نے کمپیوٹر کی تجارتی فروخت اور مارکیٹنگ میں اہم کردار ادا کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیلامی میں کمپیوٹر کے ساتھ 1978ء میں اسٹیو جابز کا تحریر کردہ اور دستخط شدہ ایک خط بھی شامل تھا جو اس کے اصل مالک فریڈ ہیٹ فیلڈ کے نام لکھا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اس خط میں اسٹیو جابز نے نئے ایپل-2 کمپیوٹر کو اپ گریڈ کرنے کی پیشکش کی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس تاریخی مجموعے میں کمپیوٹر کا اصل آپریشنز مینوئل، ہارڈویئر کے مختلف پرزے اور ’ایپل-1 اونرز کلب‘ میں شمولیت کی ٹائپ شدہ دعوت بھی شامل تھی۔
ایپل-1 رجسٹری کے مطابق یہ کمپیوٹر نمبر 48 کے طور پر درج ہے اور دنیا میں اس کے 75 سے بھی کم یونٹس کے زندہ بچنے کی تصدیق ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ ایپل-1 کو 1976ء میں کمپنی کی پہلی پراڈکٹ کے طور پر متعارف کروایا گیا تھا اور اس دور میں ذاتی کمپیوٹرز کی ترقی کے لیے اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جاتا ہے۔
کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود اس کمپیوٹر کی محدود تعداد، تاریخی حیثیت اور بانیوں سے وابستہ یادگار اشیاء اسے جمع کرنے والوں کے لیے غیر معمولی اہمیت کا حامل بناتی ہیں۔
نیلام گھر بونہامز کے مطابق یہ ریکارڈ نیلامی ایپل کی 50 ویں سالگرہ کے سال میں ہوئی، جس نے کمپنی کی ابتدائی ٹیکنالوجی سے وابستہ اشیاء کی تاریخی اور تجارتی قدر کو ایک بار پھر نمایاں کر دیا۔




