ایران کی آبنائے ہرمز کھولنے کے بدلے قطر میں ضبط 8 ارب ڈالر واپس کرنے کی تجویز، قطری وزیراعظم تہران کی تجویز لے کر واشنگٹن پہنچ گئے، امریکا منجمد اثاثے واپس کرنے پر غور کرنے لگا، آبنائے ہرمز کھولنے اور خلیجی جہازوں پر حملے روکنے کے بدلے امریکی بحری و اقتصادی ناکہ بندی ختم کرنے کی تجویز دی ہے۔
برینٹ خام تیل 3.6فیصد کمی کے ساتھ 94.76 ڈالر فی بیرل پر آگیا،وینس،کشنر اور دیگر سمجھوتے کے حامی، روبیو، ہیگستھ مخالف، ایران بعض مطالبات ترک کردے گا۔
آبنائے ہرمز کی بندش اور خلیج میں بحری جہازوں پر حملوں کے باعث پیدا ہونے والے عالمی توانائی بحران کے خاتمے کے لیے امریکا اور ایران کے درمیان قطر کی ثالثی میں ایک نئے عبوری سمجھوتے کی کوششیں تیز ہوگئی۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کے بدلے قطر میں منجمد اپنے 8 ارب ڈالر کے اثاثے بحال کرنے کی تجویز پیش کی ہے، امریکی صدر ٹرمپ سے قطری وزیراعظم کی ملاقات ہوگئی ہے جو واشنگٹن پہنچ چکے ہیں، تاہم دونوں حکومتوں نے اس مجوزہ سمجھوتے کی تصدیق نہیں کی اور امریکی حکام کے مطابق فوری معاہدے کے امکانات محدود ہیں۔
اس خبر پر برینٹ خام تیل 3.6 فیصد کمی کے ساتھ 94.76 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔امریکی خام تیل 3.1 فیصد کمی کے ساتھ 88.05 ڈالر فی بیرل رہا۔اسرائیلی اخبار کے مطابق قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی تہران کا دورہ کرنے کے بعد یہ تجویز لے کر واشنگٹن پہنچے ہیں۔
مجوزہ سمجھوتے کے تحت امریکا ایران پر اپنی بحری اور اقتصادی ناکہ بندی ختم کرے گا، جبکہ تہران آبنائے ہرمز کھولنے اور خلیجی ممالک کے تجارتی جہازوں اور تیل بردار ٹینکروں پر حملے روکنے کا پابند ہوگا۔ اس کے بدلے قطر میں موجود ایران کے 8 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے بحال کیے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے اور وہاں سے گزرنے والے جہازوں سے ٹرانزٹ فیس وصول کرنے کا مطالبہ بھی بظاہر ترک کر دیا ہے، تاہم تہران اپنے جوہری پروگرام کو مذاکرات میں شامل کرنے کے لیے تیار نہیں۔
اس مجوزہ سمجھوتے کو عبوری انتظام قرار دیا جا رہا ہے، جس کا فوری مقصد آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرنا اور خلیجی جہازوں پر حملے روکنا ہے۔مذاکرات کو آگے بڑھانے میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
امریکی انتظامیہ کے بعض اعلیٰ عہدیدار اس تجویز کے مخالف ہیں، جن میں وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ، وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ شامل ہیں۔ مخالف عہدیداروں کا مؤقف ہے کہ اس وقت ایران کے ساتھ ایسا سمجھوتہ اس کی حکومت کو شدید اقتصادی دباؤ سے نکلنے کا موقع فراہم کر سکتا ہے۔
قطری وزیراعظم واشنگٹن میں صدر ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات کریں گے۔ تاہم امریکی اور خلیجی حکام نے کسی فوری سفارتی پیش رفت کے امکانات پر شکوک ظاہر کیے ہیں۔
ایران کی وسیع تر جنگ بندی تجویز میں امریکی بحری ناکہ بندی ختم کرنے، بعض اقتصادی پابندیاں اٹھانے اور بمباری روکنے کے بدلے آبنائے ہرمز کی ایرانی ناکہ بندی ختم کرنے کی پیشکش شامل ہے، جبکہ جوہری پروگرام اور دیگر پابندیوں پر مذاکرات بعد میں کرنے کی بات کی گئی ہے۔




