ایرانی وزیر خارجہ ای سی او اجلاس کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے

ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے، ایرانی وفد بھی عباس عراقچی کے ہمراہ ہے۔

پاکستان پہنچنے پر ایرانی سفیر رضا امیری مقدم، سفارت خانہ اور دفتر خارجہ حکام نے ایرانی وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔

عباس عراقچی آج اسلام آباد میں ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات ہوگی، ایرانی وزیر خارجہ کے ہمراہ 35 سے 40 ایرانی صحافیوں کا ایک بڑا وفد بھی اسلام آباد پہنچا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی دورہ مکمل کرکے اسلام آباد سے عمان جائیں گے۔
اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ اجلاس سے قبل عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی جانب سے ای سی او وزرائے خارجہ اور وفود کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی تعاون کے فروغ کیلئے پُرعزم ہے، ای سی او ممالک کے قریبی تعلقات خطے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہیں۔

نائب وزیراعظم نے ای سی او اجلاس میں نتیجہ خیز بات چیت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

عشائیے میں وفاقی وزراء عطا اللّٰہ تارڑ اور طارق فضل چودھری نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں