امریکا میں فلائٹ آپریشنز ساڑھے 4 گھنٹے بعد بحال

امریکا کے تمام ہوائی اڈوں پر پروازیں ساڑھے 4 گھنٹے کی معطلی کے بعد بحال کردی گئیں، اندرون ملک فلائٹ آپریشنز دوبارہ شروع کرنے کا حکم دیدیا گیا۔

13ہزار سے زائد پروازیں معطل یا التوا کا شکار ہوئیں، لاکھوں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

آپریشن معطل ہونے سے کئی ہوائی اڈوں پر مزید طیارے اتارنے کی گنجائش ختم ہوئی۔

امریکی ایوی ایشن حکام کے مطابق مسئلہ نیٹ ورک راوٹرز میں خرابی کے سبب پیش آیا۔ اقدام غیر معمولی صورتحال اورمسافروں کے تحفظ کی خاطر کیا گیا۔

امریکا میں آپریشن معطل ہونے سے ایشیا، یورپ اور کینیڈا سمیت دنیا بھر میں 26 ہزار سے زائد پروازیں التوا کا شکار ہوئیں، 3 ہزار منسوخ کی گئیں جبکہ 15لاکھ مسافروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ پروازوں کے بحران کی وجہ سائبر حملہ یا مصنوعی ذہانت نہیں لگتی۔
امریکا کے تمام ہوائی اڈوں پر پروازوں کی روانگی تاحکم ثانی روک دی گئی، امریکی ایوی ایشن حکام کے مطابق تکنیکی خرابی سے ریڈار اور ایئر ٹریفک کنٹرول کی صلاحیت متاثر ہوئی۔

پروازیں روکنے کا اقدام غیرمعمولی صورتحال اور تحفظ کی خاطر کیا گیا ہے۔

تکنیکی خرابی پیدا ہونے کی بنیادی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم فیڈرل ایوی ایشن انتظامیہ کے ترجمان نے کہا کہ ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز کو رابطوں کے مسائل کا سامنا ہے۔ یہ مراکز امریکا بھر میں پروازیں کنٹرول کرتے ہیں۔

جس وقت طیاروں کو گراؤنڈ کیا گیا اس وقت تین ہزار پروازیں فضا میں تھیں اور امریکا کے مختلف ہوائی اڈوں پر لینڈنگ کیلیے بڑھ رہی تھیں۔

اس سے پہلے جنوری سن دوہزار تئیس میں فیڈرل ایوی ایشن کا کمپیوٹر سسٹم خراب ہونے سے بھی پروازیں شدید متاثر ہوئی تھیں۔ اور گیارہ ستمبر سن دوہزار ایک میں امریکا پر طیاروں حملوں کے بعد بھی پروازیں گراونڈ کی گئی تھیں۔

امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی (Sean Duffy) کا کہنا ہے کہ ایف اے اے کے تکنیکی ماہرین تحقیقات کر رہے ہیں کہ نظام میں خرابی کی بنیادی وجہ کیا ہے؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں