ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ای سی او ممالک نے امریکا کے ساتھ جنگ ختم کرنے کی کوششوں کے تحت آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے تہران کے پیش کردہ منصوبے کی حمایت کی ہے۔
اگر واشنگٹن اس کی شرائط تسلیم کر لیتا ہے تو ایران دو روز کے اندر آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے تیار ہے‘ تہران اسلام آبادکے ثالثی کردار سے مطمئن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
علاوہ ازیں عباس عراقچی نے ای سی او وزارتی کونسل کے 30 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی روابط کو مضبوط بنانے، خطے میں تجارت کو آسان بنانے اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے سے اجتماعی استحکام کو تقویت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی خطرات اور انحصار میں کمی آئے گی اور ایک زیادہ مربوط اور خود کفیل خطے کے قیام کو فروغ حاصل ہو گا۔ ایک جدید، جامع اور موثر تجارتی معاہدہ علاقائی تجارت کو وسعت دینے، اقتصادی استحکام مضبوط بنانے اور خطے کے عوام کیلئے فوائد پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی پالیسی کو ہٹلر اور داعش کی پالیسیوں سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اقدامات عالمی نظام کو کمزور کر رہے ہیں۔
اسماعیل بقائی نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے حالیہ بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے خطرے کی گھنٹی قرار دے دیا۔
مارکو روبیو نے گزشتہ ہفتے عالمی فوجداری عدالت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ تلواریں اٹھانے والوں کے سامنے قوانین کا حوالہ دینے کا کوئی فائدہ نہیں۔
اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کو اخلاقیات اور قومی سلامتی کے نام پر جائز قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ یہ مؤقف اختیار کرنے والی طاقت خود کو جواب دہی سے مستثنیٰ سمجھتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ وہ اس طرزِ عمل کے نتائج سے محفوظ رہے گی۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عالمی نظام اسی وقت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونا شروع ہوتا ہے جب طاقت ور ممالک اپنے لیے ایسے حقوق کا دعویٰ کرتے ہیں جنہیں وہ دوسروں کے لیے تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہیں۔




