فوسل فیولز (تیل گیس اورکوئلے)پر اختلافات ‘ اقوام متحدہ کے طویل ترین موسمیاتی مذاکرات ناکام‘کوپ 31کے صدرممالک ترکی اورآسٹریلیاکاتیارکردہ مسودہ عالمی حدت سے نمٹنے کیلئے نہایت کمزور قرار‘ سعودی عرب سمیت تیل پیداکرنے والے ممالک کا آئل گیس اورکوئلے کے استعمال کو بتدریج ختم کرنے کا معاملہ معاہدے میں شامل نہ کرنے کا مطالبہ‘ یورپ کا انکار‘ پاناما، وانواتو اور مارشل آئی لینڈز نے بھی مسودے پر اعتراضات اٹھائے‘ترکیہ کے شہرانطالیہ میںمنعقدہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس COP31 میں کسی معاہدے پر اتفاق نہیں ہو سکا۔ حتمی مرحلے میں معاہدے کو ڈرامائی انداز میں مسترد کر دیا گیا‘ یورپی یونین سمیت متعدد ممالک نے حتمی مسودے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی مذاکرات کی ناکامی پر مایوسی کا اظہار‘غریب اورترقی پذیر ممالک نے بھی معاہدے پرتنقید اور برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اس میں انہیں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے مناسب مالی معاونت فراہم نہیں کی گئی۔آئرلینڈ کے وزیر ماحولیات ڈیرگ اوبرائن نے کہا کہ یورپی یونین ایسے معاہدے کی حمایت نہیں کرسکتی جس میں فوسل فیولز کا ذکرنہ ہوکیوں کہ عالمی حدت میں اضافے کی بنیادی وجہ یہی ایندھن ہیں‘سعودی وفد کے ایک نمائندے نے کہا کہ انہیں حیرت ہے کہ عالمی حدت سے نمٹنے کے لیے ایک ٹھوس حل کی مخالفت کی جا رہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے موسمیاتی مذاکرات اتوار کے روز ناکام ہوگئے جب یورپی یونین اور دیگر ممالک نے کوپ 31 کے صدور ترکیہ اور آسٹریلیا کی جانب سے پیش کردہ حتمی معاہدے کو مسترد کر دیا‘ ان ممالک کا کہنا تھا کہ مجوزہ معاہدہ عالمی حدت کے خلاف جدوجہد کو آگے بڑھانے کے لیے ناکافی ہے ۔ دو ہفتوں سے زائد جاری رہنے والے مذاکرات مقررہ وقت سے مزید دو دن آگے بڑھ گئے جس کے باعث کوپ کانفرنس تاریخ کی طویل ترین کانفرنس بن گئی، تاہم کسی معاہدے پر اتفاق نہ ہو سکا۔ترکیہ کے کانفرنس صدر مراد کورم نے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اب کچھ کرنے کو نہیں ہے۔ ہم نے اپنی پوری کوشش کر لی ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ وہ کوئی نیا مسودہ پیش نہیں کریں گے۔آسٹریلیا کے کوپ 31 مذاکراتی صدر کرس بوون نے نتائج کو انتہائی مایوس کن قرار دیا اور کہا کہ فوسل فیولز اور موسمیاتی مالی معاونت کے حوالے سے اختلافات معاہدے کی راہ میں بڑی رکاوٹ بنے۔مبصرین کے مطابق سعودی عرب اور تیل پیدا کرنے والے دیگر بڑے ممالک کا مؤقف تھا کہ مستقبل قریب میں بھی معیشت میں فوسل فیولز کا اہم کردار برقرار رہے گا۔ ان ممالک نے حتمی دستاویز میں فوسل فیولز کے کسی بھی ذکر کو شامل نہ کرنے کے لیے لابنگ کی۔مجوزہ معاہدے کے ناقدین کو خدشہ تھا کہ کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے بجائے اسے فضا سے نکالنے کی ٹیکنالوجی کا حوالہ تیل کی مسلسل پیداوار جاری رکھنے کے جواز کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔معاہدے میں ترکیہ کی جانب سے پیش کردہ ایک ہدف بھی شامل تھا، جس کے تحت 2035ء تک دنیا کی مجموعی حتمی توانائی کی کھپت میں بجلی کا حصہ موجودہ تقریباً 23 فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد تک لے جانے کی تجویز دی گئی تھی۔
ایندھن پر تنازع، طویل ترین عالمی ماحولیاتی مذاکرات ناکام
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل




