حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کا ماضی درد ناک ہے، یہاں حکومتوں نے ناقص کارکردگی دکھائی۔
مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر کے لیے 100 دن کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام سے بےحسی کا سلوک کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں ن لیگ آزاد کشمیر میں کامیابی کے ریکارڈ قائم کرے ، موٹروے آزاد کشمیر لانا چاہتے ہیں ، وزیراعظم موٹروے منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کریں ۔
دوران اجلاس نواز شریف نے اچھا کام کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تعریف کی ۔
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ ایک مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔ منصوبوں پر فوراً عمل درآمد کا آغاز ہوگا۔
مظفرآباد میں ترقیاتی پلان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان کو پوری دنیا میں مضبوط دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے کی آئندہ 6 ماہ میں تشکیلِ نو کردی جائے گی، مزید 6 شہروں میں آئندہ 100 دنوں میں گرین بسوں کا اجرا ہوگا۔
اجلاس میں ن لیگی قائد نواز شریف ، وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔




