امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ہفتے چین میں ہونے والے سہ فریقی اجلاس کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کریں گے۔
امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کے مطابق یہ ملاقات ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (اے پی ای سی) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر جمعرات کو چینی شہر شین ژین میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔
وائٹ ہاؤس نے بھی اس حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر آئندہ ہفتے چین میں اپنے چینی و روسی ہم منصب کے ہمراہ سہ فریقی مذاکرات کریں گے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں ایران کے معاملے پر تبادلہ خیال متوقع ہے جبکہ تینوں رہنماؤں کی بیک وقت شرکت پر مشتمل یہ اپنی نوعیت کی یہ پہلی ملاقات ہوگی۔
امریکی میڈیا کے مطابق اس ملاقات میں جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول اور شمالی کوریا سے متعلق امور پر بھی بات چیت کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ اس سہ فریقی ملاقات میں یوکرین کے خلاف روسی جنگ پر بات کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
تینوں رہنماؤں کی مشترکہ ملاقات سے قبل امریکی صدر چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ الگ سے دوطرفہ مذاکرات بھی کریں گے، تاہم پیوٹن کے ساتھ کسی علیحدہ ملاقات کا منصوبہ نہیں ہے۔




