اہلیان ضلع جہلم کا قافلہ بروز اتوار صبح 9 بجے جامعہ علوم اثریہ سے روانہ ہو گا۔
جہلم (نامہ نگار):مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے زیر اہتمام 15 نومبر کو تاریخی مقام مینارِ پاکستان لاہور میں منعقد ہونے والی عظیم الشان آل پاکستان کانفرنس بسلسلہ’’تحفظ حرمین شریفین و استحکامِ پاکستان ‘‘کی تیاریاں ضلع جہلم میں اپنے عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ اس تاریخ ساز اجتماع میں شرکت کے لیے ضلع جہلم سے گاڑیوں کا ایک بہت بڑا قافلہ روانہ ہوگا، جس کی قیادت مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے نائب امیر اور جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر کریں گے۔کانفرنس کو کامیاب بنانے اور ضلع بھر سے عوام کی بھرپور نمائندگی یقینی بنانے کے لیے حافظ عبدالحمید عامر نے ضلع جہلم کی تمام تحصیلوں (جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈ دادنخان) کے ہنگامی دورے کیے ۔ اس مہم کے دوران انہوں نے مختلف مساجد میں اجتماعات سے خطاب کیا اور معززین علاقہ، علمائے کرام، تاجروں اور نوجوانوں سے ذاتی ملاقاتیں کر کے انہیں کانفرنس میں شرکت کی خصوصی دعوت دی۔اہلیانِ جہلم کی جانب سے اس دعوت پر والہانہ عقیدت اور بے مثال جوش و جذبے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ جماعتی کارکنوں نے حافظ عبدالحمید عامر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ 15 نومبر کو گاڑیوں کے ایک بڑے قافلے کی صورت میں لاہور کی طرف روانہ ہوں گے۔اس قافلے میں مرکزی جمعیت اہلحدیث ضلع جہلم، اہلحدیث یوتھ فورس ضلع جہلم اور اہلحدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن ضلع جہلم کے عہدیداران اور کارکنان شریک ہو کر اپنی بھرپور قوت کا مظاہرہ کریں گے۔
قافلے کی روانگی کے طے شدہ شیڈول کے مطابق 15 نومبر بروز اتوار صبح ٹھیک 9بجے ضلع جہلم کی تمام تحصیلوں (جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈ دادنخان) سے آنے والے قافلے، جماعتی کارکنان اور شرکا مرکزی مقام جامعہ علوم اثریہ جہلم میں اکٹھے ہوں گے، جہاں سے حافظ عبدالحمید عامر کی قیادت میں یہ عظیم الشان قافلہ ایک منظم اور شاندار صورت میں لاہور کی طرف کوچ کرے گا۔لوگوں کے جذبات یہ ہیں کہ حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے اور اس مقدس مشن کے لیے اہلِ جہلم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔اس موقع پر مختلفاجلاس اور اجتماعات سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ عبدالحمید عامر نے کہا کہ حرمین شریفین اُمت مسلمہ کے دل کی دھڑکن اور ہماری روحانی عقیدتوں کا مرکز ہیں۔ سرزمین حرمین کا امن و استحکام دراصل پورے عالم اسلام کے امن کی ضمانت ہے، جبکہ وطن عزیز پاکستان کا استحکام ہماری بقا اور سلامتی سے جڑا ہوا ہے۔ 15 نومبر کو مینارِ پاکستان کا یہ عظیم الشان اجتماع عالمی سطح پر اُمت مسلمہ کے اتحاد اور حرمین شریفین سے لازوال وابستگی کا ایک مثبت پیغام ثابت ہوگا۔ مجھے فخر ہے کہ ضلع جہلم کے غیور عوام ہمیشہ کی طرح اس بار بھی دینی و قومی کاز کے لیے سب سے آگے نظر آ رہے ہیں اور ان کا یہ جوش و خروش اس بات کی دلیل ہے کہ لاہور کا یہ اجتماع ملکی تاریخ کا ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
پندرہ نومبر کو ایک بڑا قافلہ جہلم سے مینار پاکستان لاہور روانہ ہوگا۔ حافظ عبدالحمید عامر




