کوہاٹ میں شہید 10 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

کوہاٹ میں شہید 10پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے نمازہ جنازہ میں شرکت کی۔

پولیس اہلکار سونے کی غیرقانونی کان کنی کے خلاف گرینڈ آپریشن میں شہید ہوئے، فتنہ الخوارج اور جرائم پیشہ افراد نے پولیس پر چھپ کر حملہ کیا تھا۔

شہدا میں خیبرپختون خوا پولیس کے ڈی ایس پی اور اے ایس آئی بھی شامل ہیں، تمام شہدا کا تعلق ضلع کوہاٹ سے تھا۔

دہشتگردوں اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 18خارجی ہلاک ہوئے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کے حملے کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے 10 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہاٹ میں دہشت گرد حملے کے نتیجے میں خیبرپختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے کوہاٹ کے علاقے دارہ بکاخ میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس حیدر زمان سمیت خیبرپختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی، وطنِ عزیز کے امن و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 18 خوارج کو ہلاک کرنا خیبرپختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور دہشتگردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے، جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی مذموم کوشش ہے، ایسے عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، پوری قوم اپنے بہادر پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار جس جرأت اور ثابت قدمی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، وہ لائقِ تحسین ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستان کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ملک سے دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پُرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں