وزیراعظم شہباز شریف نے چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ڈوم کی تنصیب کو قابل فخر سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے تعاون سے اہم سنگ میل حاصل کیا،منصوبہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی اور مشترکہ عزم کی علامت ہے اور پاکستان کو صاف، قابل اعتماد اور سستی بجلی فراہم کرنے کے ساتھ توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط، توانائی کے شعبے میں خودکفیل اور ماحول دوست ملک بنانے کے لئے اپنے وسائل اور انسانی سرمائے سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا، معیشت کی بحالی میں فیلڈ مارشل کی حمایت قابل تحسین ہے ۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار میانوالی میں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے پانچویں یونٹ (چشمہ-5) کی ڈوم پلیسمنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ سی فائیو (C-5) کے ڈوم کی کامیاب تنصیب کے ساتھ منصوبے کی تعمیر میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چین کے حکام اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ عہدیداران و نمائندگان بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ پاکستان کا سب سے بڑا نیوکلیئر پاور پلانٹ ہے جو چین کے تعاون سے تعمیر کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ جولائی 2023 میں اسی مقام پر اس اہم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں بھی وہ شریک ہوئے ، اس وقت انہوں نے پورے یقین کے ساتھ کہا تھا کہ پاکستان کسی کا انتظار نہیں کرے گا بلکہ اپنی محنت اور انتھک کوششوں کے ذریعے اپنا مستقبل خود تعمیر کرے گا،آج ساڑھے تین سال سے بھی کم عرصے میں مقررہ وقت سے پہلے ڈوم کی تنصیب اس عزم کی عملی عکاسی ہے۔وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور کارکنوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی لگن اور محنت سے یہ اہم سنگ میل حاصل ہوا ،انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اسی جذبے اور عزم کے ساتھ یہ منصوبہ ان شاء اللہ مقررہ وقت سے پہلے فعال بھی ہو جائے گا۔
چشمہ فائیو چین کے تعاون سے اہم سنگ میل حاصل کیا، وزیراعظم
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل




