بم دھمکیوں سے یورپ میں فضائی آپریشن متاثر، برطانیہ کے دو بڑے ایئرپورٹس بھی نشانے پر

یورپ بھر میں بم کی متعدد اطلاعات کے باعث کم از کم 12 پروازیں متاثر، کئی طیاروں کا رخ تبدیل کر دیا گیا، برطانیہ کے ہیتھرو اور برمنگھم ایئرپورٹس کو موصول بم کی دھمکیاں حکام نے غیر معتبر قرار دیدیں۔

ذرائع کے مطابق جمعرات کے روز یورپ کے مختلف ممالک سے آنے اور جانے والی پروازوں کو بم دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا، متاثرہ پروازوں میں کوپن ہیگن، ہیلسنکی، میڈرڈ، میلان اور وارسا سے متعلق فضائی سروسز بھی شامل تھیں۔

برطانوی ایئرلائن ایزی جیٹ نے تصدیق کی کہ نیوکاسل اور گلاسگو سے روانہ ہونے والی اس کی دو پروازیں جمہوریہ چیک کے دارالحکومت پراگ پہنچنے پر پولیس کی نگرانی میں لی گئیں۔

ایئرلائن کے مطابق یہ اقدام سیکیورٹی سے متعلق ایک معاملے کے پیشِ نظر احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا، تاہم دونوں طیاروں سے مسافر معمول کے مطابق اتر گئے۔

دوسری جانب آئرلینڈ کے ڈبلن ایئرپورٹ سے اٹلی کے شہر روم جانے والی ایک پرواز کا رخ فرانس کے ایک فوجی ہوائی اڈے کی جانب موڑ دیا گیا، طیارے کی مکمل تلاشی لی گئی، تاہم کوئی مشکوک یا تشویش ناک چیز نہیں ملی۔

ذرائع کے مطابق ہیتھرو اور برمنگھم ایئرپورٹس پر دھمکیوں کے باوجود فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری رہا۔

یورپ کے مختلف ہوائی اڈوں پر پیش آنے والے ان واقعات کے بعد سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے۔
یورپی ممالک کی 15 پروازیں بم کی اطلاعات پر اتار لی گئیں۔

خبر ایجنسی کی رپوٹ کے مطابق بلغاریہ میں تین پروازیں بم کی اطلاع پر اتار لی گئیں، کوپن ہیگن سے میڈرڈ جانے والی دو پروازوں کو صوفیہ میں لینڈ کرایا گیا، لندن سے آنے والی پرواز کو پلوڈف میں اتارا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مشکوک رپورٹ پر وارسا سے آنے والی پرواز کو برسلز ایئر پورٹ پر لینڈ کرایا گیا۔ ہیلنسکی سے روم کی پرواز میں بم کی اطلاع پر اطالوی ایئر کرافٹ یونٹس نے اسے بحفاظت روم پہنچایا۔

خبر ایجنسی کے مطابق ہیلنسکی سے ویانا جانے والی پرواز بھی خطرے کی اطلاع پر ویانا میں بحفاظت لینڈ کر گئی۔ بم کی اطلاع پر ڈبلن سے روم کی پرواز فرانس کے شہر ایوروکس میں واقع ایئر بیس پر لینڈ کرگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں