بھارتی گلوکار دلیر مہندی کی ریاست اتراکھنڈ میں ہونے والی پرفارمنس کے دوران اس وقت ہنگامہ کھڑا ہو گیا جب ان پر لائیو گانے کے بجائے ریکارڈ شدہ آواز پر گانے کا الزام عائد کیا گیا۔
دلیر مہندی کو اتراکھنڈ کے علاقے نریندرا نگر میں منعقدہ میلے میں پرفارم کرنا تھا، منتظمین کو توقع تھی کہ ان کی پرفارمنس میلے کی اہم تقریبات میں شامل ہو گی، تاہم شائقین اور وہاں موجود حکام نے جب انہیں ریکارڈ شدہ گانے پر لب ہلاتے دیکھا تو صورتِ حال کشیدہ ہو گئی۔
واقعے کے دوران تقریب کے مہمانِ خصوصی ریاستی کابینہ کے وزیر سبودھ انیال اسٹیج پر پہنچ گئے اور گلوکار کی پرفارمنس پر تنقید کی۔
ان کے ردِعمل کے بعد اسٹیج پر تلخ کلامی اور پنڈال میں ہنگامہ آرائی ہوئی، جسے مقامی پولیس اور منتظمین نے مداخلت کر کے قابو کیا۔
بعد ازاں منتظمین نے وضاحت کی کہ دلیر مہندی کو تقریب سے صرف 2 روز قبل متبادل گلوکار کے طور پر مدعو کیا گیا تھا، کیونکہ اس شام پرفارم کرنے والی گلوکارہ سونندا شرما طبیعت ناساز ہونے کے باعث شرکت نہیں کر سکیں۔
رپورٹ کے مطابق دلیر مہندی نے بیک اسٹیج ریکارڈ شدہ موسیقی کے استعمال کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیماری کے باعث میں لائیو گانے سے قاصر تھا، تاہم میں نے اپنے ساتھی موسیقاروں کی مدد سے پروگرام جاری رکھنے کی کوشش کی۔
بعد ازاں تکنیکی مسائل دور کر لیے گئے اور دلیر مہندی نے کچھ حصہ براہِ راست گایا، جس سے شائقین مطمئن ہو گئے۔




