ابتک شادی کی 60 سے 70 پیشکشیں مل چکیں: اسراء عائشہ

پاکستانی ماڈل، میڈیا شخصیت اور ریئلٹی شو کی رنر اَپ اسراء عائشہ نے انکشاف کیا ہے کہ مجھے اب تک شادی کی تقریباً 60 سے 70 پیشکشیں مل چکی ہیں، جن میں شادی شدہ مردوں کی جانب سے آنے والی پیشکشیں بھی شامل ہیں۔

پاکستانی ماڈل نے حال ہی میں یوٹیوب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شادی کی پیشکشوں سے متعلق دلچسپ تفصیلات شیئر کیں۔

اسراء عائشہ کے مطابق میری دادی کی شدید خواہش تھی کہ میں شادی کر لوں، تاہم دادی اس خواہش کی تکمیل دیکھے بغیر دنیا سے رخصت ہو گئیں، وہ چاہتی تھیں کہ میں اپنے چچا کے بیٹے سے شادی کر لوں اور اس مقصد کے لیے کئی مرتبہ میرے گھر رشتہ لے کر آتی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ میں اپنی دادی سے کہتی تھی کہ آپ جب چاہیں میرے گھر آ سکتی ہیں، لیکن اگر صرف شادی کا رشتہ لے کر آئیں تو اس موضوع پر بات نہ کریں، اگر بیٹیاں اپنا کیریئر بنانا چاہتی ہیں تو والدین کو انہیں اس کی اجازت دینی چاہیے۔

اسراء عائشہ نے بتایا ہے کہ مجھے دوستوں کی جانب سے بھی شادی کی متعدد پیشکشیں موصول ہوئیں، جبکہ ایک سیاست دان نے دولت کا لالچ دے کر شادی کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کی، اس سیاست دان نے مجھے کریڈٹ کارڈز، گاڑیاں، ایندھن، سفر اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کی پیشکش کی، تاہم وہ پہلے سے شادی شدہ تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ مجھے امریکا میں مقیم ایک شادی شدہ شخص کی جانب سے بھی رشتے کی پیشکش ہوئی، جس نے دعویٰ کیا کہ اس کی اہلیہ نے دوسری شادی کی اجازت دے دی ہے۔

اسراء عائشہ نے کہا ہے کہ میں کسی دوسرے کا گھر اور خوشیاں برباد نہیں کرنا چاہتی اور کسی شادی شدہ مرد سے شادی نہیں کر سکتی، میں ایسا شریکِ حیات چاہتی ہوں جو خواتین کی عزت کرے اور میں اپنے جیون ساتھی کو کسی کے ساتھ بانٹنا نہیں چاہتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں