پاکستان چین اور امریکا دونوں کے ساتھ تعلقات کو بیک وقت آگے بڑھا رہا ہے: وزیرِ خزانہ

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان امداد پر انحصار کم کر کے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب بڑھ رہا ہے، عالمی شراکت داروں کے ساتھ اقتصادی تعلقات مضبوط بنانا پاکستان کی اہم ترجیح ہے۔

غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیرِ خزانہ نے کہا کہ پاکستان خلیجی ممالک، امریکا اور چین کے ساتھ تجارتی و اقتصادی روابط بڑھانے پر توجہ دے رہا ہے اور شراکت دار ممالک کے مسلسل تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

محمد اورنگزیب نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال ترسیلاتِ زر 41.6 ارب ڈالرز رہیں، رواں مالی سال یہ بڑھ کر 44 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات تجارت اور ترسیلاتِ زر کے حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔

وزیرِ خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان چین اور امریکا دونوں کے ساتھ تعلقات کو بیک وقت آگے بڑھا رہا ہے، چین پاکستان کا دیرینہ شراکت دار ہے، پاک چین اقتصادی راہداری ایک اہم اقتصادی منصوبہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی اقتصادی ترجیح امداد کے بجائے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں