امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں اسٹیو وٹکوف بہت اچھا کام کر رہے ہیں، ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا میری ترجیح نہیں ہے۔
ٹرمپ نے ٹیکساس کے شہر سان انتونیو میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیو وٹکوف ایران کے ساتھ معاہدے پر کام کر رہے ہیں اور بہت اچھا کر رہے ہیں، میرا خیال ہے کہ یہ معاہدہ واقعی وہ چیز نہیں ہے جو میں کرنا چاہتا ہوں لیکن وہ جنگ بندی کے لیے ہمیں کچھ بھی دینے کو تیار ہیں، ایران کے پاس ایک بھی جوہری ہتھیار نہیں ہو گا۔
انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کو ایک بہترین مذاکرات کار قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے کچھ غیر معمولی کام کیے ہیں۔
انہوں نے ایران کو ایک ناکام ریاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ ختم ہو جائے گی اور یہ بہت جلد ہو گا، اسے بہت جلد ختم ہونا ہے۔
ٹرمپ کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس نے پینٹاگون سے کہا ہے کہ ایرانی اہداف پر ایسے حملوں کے لیے مختلف آپشنز تیار کرے جنہیں 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے۔



