امریکا مشرقِ وسطیٰ میں ممکنہ کشیدگی میں اضافے کے پیش نظر اسرائیل میں مزید فوج اور طیارے تعینات کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس وقت اسرائیل بھر میں تقریباً 3 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں، جن کی ذمے داریوں میں فضائی دفاعی نظام چلانا بھی شامل ہے، جبکہ امریکی پائلٹس، معاون عملہ، لاجسٹکس اہلکار اور فوجی ہیڈکوارٹرز میں خدمات انجام دینے والے اہلکار بھی وہاں موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی فوج حالیہ ہفتوں کے دوران معمول کے مطابق فوجیوں کی تعیناتیوں میں رد و بدل کر رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ آنے والے ہفتوں میں مزید فوج اور طیارے اسرائیل پہنچنے کی توقع ہے، جو ’مشرقِ وسطیٰ میں ممکنہ کشیدگی میں اضافے کی تیاریوں کا حصہ ہوں گے۔
یہ رپورٹ خطے میں امریکا کی وسیع تر فوجی تیاریوں کے درمیان سامنے آئی ہے۔
حالیہ رپورٹس میں ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث مزید امریکی فوجیوں اور بحری اثاثوں کی تعیناتی کی نشاندہی کی گئی ہے۔



