ایشیائی نژاد ظہران ممدانی نیویارک سٹی کے میئر منتخب ہوگئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق نیو یارک شہر کے انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار ظہران ممدانی کامیاب ہوگئے ہیں۔ مسلم امیدوار ظہران ممدانی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کے باوجود آزاد امیدوار اینڈریو کومو کو شکست دی۔امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک میئر کے انتخابات میں نئی تاریخ رقم ہوگئی ہے جہاں 2001ء کے بعد میئر کے انتخابات میں سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا۔امریکی میڈیا کے مطابق ووٹنگ کے لیے پولنگ اسٹیشنز پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود رہی، 17 لاکھ سے زائد ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔واضح رہے کہ ظہران ممدانی کہہ چکے ہیں کہ وہ کامیاب ہونے پر گھروں اور دفاتر کے کرائے منجمد کردیں گے، شہر میں مفت ٹرانسپورٹ ہوگی اور چائلڈ کیئر کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔ظہران ممدانی فلسطینیوں کی حمایت میں کھل کر بولنے کے حوالے سے مشہور ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی عدالت انصاف کو مطلوب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نیویارک آئے تو وہ انہیں گرفتار کرا دیں گے۔
نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی نے کہا ہے کہ ہم نے نیویارک میں تاریخ رقم کی ہے۔
جیت کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیویارک کے عوام نے ثابت کردیا کہ طاقت ان کے ہاتھ میں ہے، ہم نے نیویارک میں تاریخ رقم کردی ہے، مستقبل ہمارے ہاتھ میں ہے۔ظہران ممدانی کا کہنا ہے کہ نیویارک کے شہریوں نے تبدیلی کو ووٹ دیا ہے، میں یکم جنوری کو نیویارک کے میئر کے عہدے کا حلف اٹھاؤں گا، یہ سب آپ لوگوں کی وجہ سے ممکن ہوا، ہم آپ کے لیے لڑیں گے کیوں کہ ہم آپ میں سے ہیں، یہ شہر آپ کا ہے، جمہوریت بھی آپ کی ہے۔نومنتخب میئر نیویارک سٹی نے کہا کہ ہم لیڈرشپ کے نئے دور میں داخل ہوگئے ہیں، ایک ہزار سے زائد رضاکاروں کے مہم میں حصہ لینے پر شکر گزار ہوں، مجھے خود کو ثابت کرنے کا موقع دینے کے لیے شکریہ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سب اس شہر کو بہتر بنانے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں، آج کے الیکشن نے ثابت کردیا کہ امید اب بھی زندہ ہے، آج خوف کی شکست اور امید کی جیت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیویارک میں موروثی سیاست کا خاتمہ کردیا ہے، نیویارک میں اسلاموفوبیا کی کوئی گنجائش نہیں، نیویارک میں اب اسلاموفوبیا پھیلایا نہیں جا سکے گا، میں ایک مسلمان اور ڈیموکریٹک سوشلسٹ ہوں۔ظہران ممدانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ مجھے پتہ ہے آپ دیکھ رہے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ میں آپ کو 4 جملے کہوں گا، مزدور حقوق کے لیے یونینز کے ساتھ کھڑیں ہوں گے، نیویارک سٹی کو تارکین وطن نے مضبوط کیا ہے، نیویارک اب وہ شہر نہیں رہا جہاں اسلاموفوبیا کے نام پر الیکشن جیتا جائے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی کے مقابلے میں ریپبلکن امیدوار کی شکست کی 2 وجوہات بتا دیں۔
الیکشن نتائج آنے کے بعد سوشل میڈیا سائٹ ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں امریکی صدر نے کہا کہ ووٹرز کے مطابق ریپبلکن کی شکست کی دو وجوہات ہیں، ایک وجہ یہ کہ میں بیلٹ پر نہیں تھا اور دوسری وجہ امریکا میں جاری شٹ ڈاؤن ہے۔نیویارک کے میئر کے لیے ہونے والے الیکشن میں ٹرمپ اور ریپبلکن امیدوار کو جھٹکا لگا ہے اور ٹرمپ کی بھرپور مخالفت کے باجود ڈیموکریٹ کے مسلم امیدوار ظہران ممدانی نیویارک سٹی کے میئر منتخب ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب سابق امریکی صدر باراک اوباما نے بھی حالیہ الیکشن اور نیویارک میئر کے الیکشن میں ڈیموکریٹس کی فتح پر جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ واضح رہے کہ نیویارک میئر کے لیے آزاد امیدوار اور ٹرمپ کے حمایت یافتہ اینڈریو کومو نے الیکشن میں اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے ظہران ممدانی کو مبارکباد دی ہے۔
























Post your comments