پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر کامران غلام نے اپنے ڈیبیو پر سنچری بنادی۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے 13ویں پاکستانی بیٹر ہیں۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار پرفارمنس دکھانے والے کامران غلام کو سابق کپتان اور اسٹار بیٹر بابراعظم کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔طویل انتظار کے بعد قومی ٹیم میں جگہ بنانے والے کامران غلام نے انگلینڈ کے خلاف ملتان میں دوسرے ٹیسٹ میچ میں 19 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد صائم ایوب کے ساتھ بیٹنگ لائن کو سنبھالا۔ صائم کے ساتھ کامران غلام نے 149 رنز کی پارٹنرشپ بنا کو ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے باہر نکالا۔ کامران غلام ٹیم کے آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی تھے، انہوں نے 118 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں شعیب بشیر نے بولڈ کیا۔ کامران غلام کی اننگز میں11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
ڈیبیو پر سنچری بنانے والے 13ویں پاکستانی
علم میں رہے کہ کامران غلام پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری بنانے والے 13ویں پاکستانی بلے باز بن گئے۔ کامران غلام سے قبل لیجنڈری بیٹر جاوید میانداد، سلیم ملک، محمد وسیم، علی نقوی، اظہر محمود، یونس خان ، یاسر حمید، توفیق عمر، فواد عالم، عمر اکمل اور عابد علی پاکستان کی طرف سے ڈیبیو ٹیسٹ میں سنچری اسکور کرچکے ہیں۔پاکستان کی طرف سے یاسر حمید ڈیبیو ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے واحد بیٹر ہیں۔پاکستان کے یاسر حمید اور ویسٹ انڈیز کے لارنس روئے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے بیٹر ہیں۔
مجھے ڈومیسٹک کرکٹ نے بہت مدد کی، کامران غلام
واضح رہے کہ کامران غلام نے اپنے ڈیبیو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کےلیے کھیلنا ہر کرکٹر کا خواب ہوتا ہے۔ مجھے ڈومیسٹک کرکٹ نے بہت مدد کی ہے۔انکا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں ہر طرح کے بولرز اور کنڈیشنز میں کھیل کر تجربہ آ جاتا تھا، کلب کی سطح پر بھی چیلنج سمجھ کر کھیلتا تھا۔
Post your comments