پاکستان نے جنوبی افریقا کو پہلے ایک روزہ میچ میں 2 وکٹ سے شکست دی اور سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں 17 سال بعد کھیلے گئے پہلے میچ میں جنوبی افریقا نے 263 رنز کا ہدف سیٹ کیا، جو ٹیم پاکستان نے 8 وکٹ کے نقصان پر 2 گیندوں قبل حاصل کرلیا۔سلمان علی آغا کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، اُن کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لئے اچھی فتح تھی،دوسری اننگز میں گیند ٹرن ہورہی تھی،بیٹنگ کرنا آسان نہیں تھا۔پاکستان کی طرف سے سلمان علی آغا نے 62، محمد رضوان نے 55 رنز بنائے، دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان 45، صائم ایوب 39، حسین طلعت 22، محمد نواز 9، بابر اعظم 7 اور حسن نواز نے 1 رن بنایا۔میزبان ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی 4 اور نسیم شاہ صفر رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، جنوبی افریقا کے نگی نگیڈی، ڈونووین فریرا اور کوربن بوش نے 2،2 وکٹ حاصل کیں۔جنوبی افریقی ٹیم آخری اوور میں 263 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، کوئنٹن ڈی کوک نے 63، یوہان ڈی پری ٹوریس نے 57 اور کپتان میتھیو برٹزکی نے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستان کی طرف سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 3، 3، صائم ایوب نے 2، شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی تھی۔پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان ون ڈے ٹیم کے نو منتخب کپتان شاہین شاہ آفریدی نے فیصل آباد میں 17 سال بعد کرکٹ کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔فیصل آباد میں پریس کانفرنس کے دوران گرین شرٹس کے کپتان نے کہا تھا کہ فیصل آباد میں 17 سال بعد کرکٹ کی واپسی پرخوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کا فارم میں آنا ٹیم اور ملک کے ضروری تھا۔ بابر اعظم پچھلے 5 سال سے رنز کر رہا ہے۔سیریز کا دوسرا میچ جمعرات 6 نومبر کو جبکہ آخری مقابلہ 8 نومبر ہفتے کے روز کھیلا جائے گا۔

























Post your comments