وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور وزیرِ اعلیٰ ہاؤس پشاور پہنچ گئے۔ذرائع وزیرِ اعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیرِ اعلیٰ جلسے کے بعد اسلام آباد میں مختلف میٹنگز میں مصروف تھے۔اس حوالے سے پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور کی اسلام آباد میں سرکاری حکام کے ساتھ طویل ملاقات ہوئی، ملاقات میں صوبے کی امن و امان کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔پی ٹی آئی نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی ملاقات جہاں تھی وہاں جیمرز لگنے سے موبائل سروس معطل تھی، پشاور آمد پر وزیرِ اعلیٰ نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے بھی زوم پر میٹنگ کی۔ وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو ملاقات کا احوال بتایا، ان کو گزشتہ روز پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی گرفتاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل ترجمان خیبر پختون خوا حکومت سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں نے علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔بیرسٹر سیف نے کہا تھا کہ لگتا ہے کہ وفاقی حکومت نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کو حراست میں لیا ہے، وفاقی حکومت بتائے کہ علی امین گنڈاپور کہاں ہیں؟قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ علی امین گنڈاپور سے رابطہ ختم ہو چکا، وفاقی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ نے انہیں چائے کے کپ پر مدعو کیا تھا۔عمر ایوب کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور ان کے سیکیورٹی عملے سے بھی رابطہ نہیں، ان کے فون بھی بند ہیں۔وزیرِ اعلیٰ کی بازیابی کے لیے خیبر پختون خوا حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور کیخلاف مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی میں درج کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مقدمہ جلسہ ضوابط کی خلاف ورزی اور ریاست مخالف تقاریر پر درج کیا گیا۔ذرائع کے مطابق مقدمے میں ضلعی انتظامیہ کے افسر کو حبس بے جا میں رکھنے کی دفعات بھی شامل ہے۔
Post your comments